نئی دہلی، 17 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا انتخابات کے لئے دہلی میں عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے اتحاد کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔اسی سلسلے میں عام آدمی پارٹی نے اپنے ساتویں امیدوار کا اعلان کر دیا ہے۔ویسٹ دہلی لوک سبھا سیٹ سے بی ایس جاکھڑ کو امیدوار بنایا ہے۔ گریڈ جاکھڑ انا تحریک سے بھی منسلک رہے اور شروع سے ہی عام آدمی پارٹی کے ساتھ ہیں۔جاکھڑ دہلی کے بار ایسوسی ایشن کی کوآرڈنیشن کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔عام آدمی پارٹی نے لوک سبھا کی سات سیٹوں میں سے چھ پر امیدوار پہلے ہی اعلان کر دیا تھا۔دہلی میں کانگریس کے ساتھ اتحاد کو لے کر عام آدمی پارٹی کے لیڈر مسلسل کہہ رہے ہیں کہ دہلی میں اب اتحاد کا وقت نکل چکا ہے۔لہٰذا وہ تمام سیٹوں پر اپنی مہم میں لگ گئے ہیں۔عام آدمی پارٹی کے دہلی کنوینر گوپال رائے نے کہا کہ ہمارے سروے میں کانگریس کا ووٹ شیئر 7 سے 7.5 فیصد ہے۔کانگریس کا رویہ کمزور ہے۔لوگوں میں کانگریس کے تئیں غیریقینی ہے۔ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ ہندو سماج تو ویسے بھی کانگریس کو ووٹ نہیں دے رہا تھا، لیکن جس طرح سے کانگریس نے تین ریاستوں میں کامیابی حاصل کی مسلمان معاشرے میں کانگریس کے تئیں امید جاگی تھی لیکن اب وہ بھی نہیں ہے۔ کانگریس کا رویہ غیر ذمہ دار ہے۔اب لوگ مان رہے ہیں کہ دہلی میں تمام ساتوں سیٹوں پر بی جے پی کو صرف عام آدمی پارٹی ہراسکتی ہے۔وہیں دوسری طرف ذرائع کے مطابق کانگریس ابھی عام آدمی پارٹی کے ساتھ اتحاد پر غور کر رہی ہے۔